سرگودھا یونیورسٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے زیرِ اہتمام ’’ڈیجیٹل ڈیٹاکس سمر کیمپ‘‘اختتام پذیر ہو گیا

بدھ 16 جولائی 2025 17:05

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سرگودھا یونیورسٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے زیرِ اہتمام بچوں کے لیے منعقدہ تین ہفتوں پر مشتمل’’ڈیجیٹل ڈیٹاکس سمر کیمپ‘‘ اختتام پذیر ہو گیا۔ کیمپ کا مقصد بچوں کو تخلیقی سرگرمیوں، ثقافتی آگاہی اور حقیقی دنیا سے جڑنے کی ترغیب دینا تھا۔کیمپ میں مجموعی طور پر 18 بچوں نے حصہ لیا جو ایک ہمہ جہت سیکھنے کے تجربے سے گزرے۔

کیمپ کے دوران بچوں کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما کا موقع فراہم کیا گیا۔کیمپ میں بچوں کے لیے چینی زبان کی ابتدائی تعلیم، روایتی چینی کھیلوں، چینی کھانوں کے رنگا رنگ فیسٹیول اور چینی ثقافت سے متعلق دلچسپ سرگرمیاں منعقد کی گئیں جس سے طلبہ میں عالمی ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کا شعور اجاگر ہوا۔

(جاری ہے)

مزید برآں روحانی اور اخلاقی تربیت کے لیے اسلامیات کے سیشنز اور باجماعت نماز کی ادائیگی کو بھی کیمپ کا حصہ بنایا گیا جس سے بچوں میں نظم وضبط اور خود احتسابی کو فروغ ملا۔

جسمانی صحت اور ٹیم ورک کو فروغ دینے کے لیے جم سیشنز رکھے گئے جبکہ آرٹس اینڈ کرافٹس ورکشاپس نے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ’’اوپن مائیک سیشنز‘‘ کے ذریعے بچوں کو اظہارِ رائے اور اعتماد میں اضافے کے مواقع فراہم کئے گئے۔کیمپ کے اختتام پر اختتامی نمائش منعقد کی گئی جس میں والدین کو مدعو کیا گیا تاکہ وہ اپنے بچوں کے تخلیقی کام اور ثقافتی پراجیکٹس دیکھ سکیں۔

والدین اور اساتذہ کی جانب سے نمائش کو بے حد سراہا گیا۔کیمپ کے اختتام پر ایک تفریحی ٹور کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یہ سمر کیمپ نہ صرف سکرین ٹائم میں کمی لانے کے لیے مؤثر ثابت ہوا بلکہ اس نے بچوں میں مثبت رویوں، اعتماد، سماجی میل جول، تخلیق کاری اور اخلاقی اقدار کو فروغ دیا۔ والدین نے کیمپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں میں توجہ، خود اعتمادی اور ذمہ داری کے رجحانات بڑھے ہیں۔ڈیجیٹل ڈیٹاکس سمر کیمپ کی کامیاب تکمیل سرگودھا یونیورسٹی اورپاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ نوجوانوں میں فلاحی، تخلیقی اور عالمی شعور کو فروغ دینے کے لیے جدید اور مؤثر پروگرامز کا انعقاد جاری رکھیں گے۔