سٹاک ایکسچینج انڈیکس کی بلند ترین سطح سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہرہے،وزیراعظم

بدھ 16 جولائی 2025 17:11

سٹاک ایکسچینج انڈیکس کی بلند ترین سطح سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہرہے،وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچنے کوسرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے ہم سب مل کرجو کاوشیں کررہے ہیں وہ رنگ لائیں گی،ہر دو ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا، اچھی کارکردگی کے مظاہرے پر شاباش اورخراب کارکردگی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔

بدھ کووفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے محرم الحرام کے دوران مجالس اورجلوسوں کے پرامن انعقاد اور امن برقرار رکھنیکیلئے اقدامات پرپوری قوم ، وفاقی وصوبائی حکومتوں اور متعلقہ ذمہ داران کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کہا کہ سب کی مشترکہ کاوشوں اورمحنت سے محرم الحرام پرامن رہا،قومی وحدت،یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کی صورتحال امید افزا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے حالیہ بارشو ں کے دوران سوات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے سبق سیکھنا چاہئے اور ائندہ کے لئے موثر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے ایک جاندار ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مل کر این ڈی ایم اے نے ضروری اقداما ت کئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے،معاشی ترقی کیلئے سب مل کر کاوشیں کررہے ہیں انشا ئ اللہ ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالے سوا سال ہو گیا ہے،اب ہر دو ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا اور اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی وزارت کے ذمہ داران کو شاباش ملے گی اور جہاں کمی کوتاہی ہوگی اسے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی اورضرورت پڑنے پر تادیبی کارروائی بھی کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کارکردگی اورمعیار پر پورا اترنے والے ہمارے سر کا تاج ہیں لیکن جو معیار پر پورا نہیں اترے گا اس کیلئے بڑا واضح پیغام ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی وزارت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت ایک ٹریلین سے زیادہ ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے ہیں ، احسن اقبال نے ہمیں خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا ہے ، یہ ہماری حکومت کی بہترین کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو بھی اس کی کارکردگی پر مبارکباد دی۔