حضرت داتا گنج بخشؒ کی عظیم تصنیف کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات کے سلسلے میں ’’کوآرڈنیشن کمیٹی‘‘کا اجلاس

بدھ 16 جولائی 2025 18:58

حضرت داتا گنج بخشؒ کی عظیم تصنیف کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے حضرت داتا گنج بخشؒ کی عظیم تصنیف کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات کے سلسلے میں ایوان ِ اوقاف میں منعقدہ ’’کوآرڈنیشن کمیٹی‘‘ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہزار سالہ تقریبات میں معاصر اسلامی دنیا ایران، ترکی، مصر اور افغانستان سے ہجویریات کے ماہرین شریک ہوں گے، اس موقع پر ’’الہجویر اًیپ‘‘بھی متعار ف ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کی آمد سے، اس خطّے میں شجرِ اسلام کی آبیاری ہوئی۔ عصرِ حاضر میں انتہا پسندی کے تدارک اور تشدّد کے خاتمے کے لیے سیّد ہجویر کی تعلیمات سے استفادہ لازم ہے۔حضرت داتا گنج بخش ؒ کی شہرہ آفاق تصنیف کشف المحجوب متصوفانہ ادب میں بنیادی مصدر کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اہل طریقت نے کشف المحجوب کو حضرت علی ہجویریؒ کا شاہکار قرار دیا، انہوں نے کہا کہ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاء کے افکار کی ترویج لازم ہے۔

اس موقع پر "وآرڈنیشن کمیٹی" کے کنونیئر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، کمیٹی سیکرٹری اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ محمد جاوید شوکت اورممبران جن میں ایڈ منسٹریٹر داتاؒ دربار شیخ جمیل احمد، سیکشن آفیسر (جنرل) اوقاف عبد الستار،پرائیویٹ سیکرٹری برائے چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف زاہد اقبال،ریسرچ فیلو مرکز معارف اولی مشتاق احمد،پرنسپل (ر) جامعہ ہجویریہ، داتاؒ دربارصاحبزادہ بدر الزمان قادری، پرنسپل جامعہ ہجویریہ، مولانا ریاض احمد،منیجر اوقاف داتا? دربار طاہر مقصود اورلینگوئج ٹیچر جامعہ ہجویریہ داتا ؒ دربارمولانا قاری ابوالخیر زوار حسین نعیمی شامل ہیں بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ’’کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات‘‘کے شایانِ شان انعقاد کے لیے تقریبات کا دورانیہ، اندرون و بیرون ملک تقریبات کے انعقاد کے امکانات کا جائزہ،تقریبات کے اہتمام و انصرام کی جملہ تفصیلات،مہمان سکالرز، مشائخ و مندوبین سے رابطہ،سمینارز، کانفرنسز، سیمپوزیمز، فیسٹولز کے انعقادو اہتمام سمیت دیگر امور کے حوالے سے جامع حکمت عملی وضع کی گئی۔

واضح رہے کہ مورخہ 15 جولائی 2025ء کوسیکرٹری اوقاف نے اٴْمہات کتب ِ تصوّف میں بلند ترین مقام کی حامل حضرت داتا گنج بخشؒ کی کتاب’’کشف المحجوب‘‘ کی تصنیف کے ہزار سال مکمل ہونے پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام ’’کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات‘‘کے شایانِ شان انعقاد کے لیے "کوآرڈنیشن کمیٹی" تشکیل دی تھی۔