سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے بینکنگ سروسز کارپوریشن کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ’گو کیش لیس مہم 2025ء‘سے متعلق تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد

بدھ 16 جولائی 2025 19:18

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے بینکنگ سروسز کارپوریشن کی جانب سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذیلی ادارے بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی -بی ایس سی) نے بدھ کو کراچی میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد مویشی منڈیوں میں’’ گو کیش لیس مہم 2025‘‘ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کو ایوارڈ سے نوازنا تھا۔ ایس بی پی -بی ایس سی کے منیجنگ ڈائریکٹر معراج محمود نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہم میں شریک بینکوں کی کاوشوں کو سراہا اور ملک میں ڈیجیٹل مالی خدمات کو فروغ دینے میں ان کے نمایاں کردار کا اعتراف کیا۔

مزید برآں سٹیٹ بینک کے ڈیجیٹل مالی خدمات گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل جواد نے بھی شرکا سے خطاب کیا اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں سٹیٹ بینک کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

عیدالاضحیٰ سے قبل شروع کی گئی ’’گو کیش لیس مہم‘‘ کا مقصد ڈیجیٹل مالی خدمات (ڈی ایف ایس) کو فروغ دینا اور شہری علاقوں کی مویشی منڈیوں میں نقد لین دین پر انحصار کم کرنا تھا۔

اس مہم میں 24 بینکوں نے حصہ لیا جن کی شراکت داری سے پاکستان کی 54 بڑی مویشی منڈیوں میں کامیابی کے ساتھ یہ مہم چلائی گئی، اس مہم کے نتیجے میں 64,553 ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز ہوئیں جن کی مالیت 4.656 ارب روپے تھی۔ اس مہم کو مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں اور خریداروں کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی، کیونکہ مہم نے نقد پر ان کا انحصار کم کیا۔مہم کے علاقائی اثرات کے اعتراف میں سٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں مہم میں شریک بینکوں کے اعزاز میں تقاریب کا انعقاد کیا ہے۔

یہ کوششیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ سٹیٹ بینک مالی شمولیت کو جدید ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔جدید معیشتوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ یہ شفافیت فراہم کرتے ہیں، دھوکہ دہی کے خطرات کم کرتے ہیں اور مالی خدمات تک محفوظ، آسان اور جامع رسائی فراہم کرتے ہیں۔ ’’گو کیش لیس‘‘ جیسے اقدامات وسیع پیمانے پر صارفین میں بشمول مویشیوں کی خرید و فروخت کرنے والوں میں اعتماد سازی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو اپنانے کی ترغیب دینے میں نہایت اہم ہیں۔ سٹیٹ بینک ملک کی مالی صنعت میں شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ پاکستان کو ڈیجیٹل لحاظ سے ایک شمولیتی مستقبل کی جانب لے جایا جا سکے۔