لاہور موسلادھار و طوفانی بارش،کمشنر لاہور زید بن مقصود کے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں و قریبی تحصیلوں کے دورے

بدھ 16 جولائی 2025 19:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) کمشنر لاہور زید بن مقصود نے رات گئے لاہور شہر میں موسلادھار و طوفانی بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں و قریبی تحصیلوں کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے نکاسی آب انتظامات جائزہ کیلئے رات ساڑھے 12بجے تا 3بجے تک مختلف علاقوں گلبرگ، جیل روڈ، مال روڈ، لکشمی چوک، شاہدرہ، فیروزوالہ اور مریدکے کا دورہ کیا اور ایمرجنسی کیمپس کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسی رضا اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر لاہور کو تحصیلوں کے دورے کے دوران متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر نے جاری نکاسی آب آپریشن و انتظامات پر بریفنگ دی۔کمشنر لاہور نے شدید بارش کے دوران نکاسی آب انتظامات اور سڑکوں و علاقوں کے کلیرنس عمل کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر ایجنسیز نکاسی آب آپریشنز کیلئے فیلڈ میں آدھی رات کو بھی متحرک رہیں، پانڈنگ ایریاز کلیرنس کیلئے فیلڈ ٹیمیں رات سے پوری استعداد سے کام کررہی ہیں۔