ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال تسلی بخش، دریاؤں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے، ترجمان واپڈا

بدھ 16 جولائی 2025 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء)واپڈا نے ملک کے مختلف ڈیمز اور دریاؤں میں پانی کی موجودہ صورتحال سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ کے آبی ذخائر میں مجموعی طور پر 81 لاکھ 27 ہزار ایکڑ فٹ قابل استعمال پانی موجود ہے، جو رواں سیزن کے لیے زرعی و توانائی ضروریات کے لیے اہم سنگ میل ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 34 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 7 ہزار 900 کیوسک ہے۔ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 19 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 31 ہزار 500 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈ مرالہ (دریائے چناب) پر آمد 54 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 27 ہزار 500 کیوسک ہے۔

نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد و اخراج برابر یعنی 40 ہزار 200 کیوسک ہے۔ٓ ترجمان کے مطابق تربیلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1529.00 فٹ اور ذخیرہ 45 لاکھ 52 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ منگلا ریزروائر میں سطح 1185.70 فٹ اور ذخیرہ 34 لاکھ 11 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ ریزروائر میں سطح 645.70 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 64 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ زرعی اور توانائی شعبے کے لیے امید افزا صورتحال ترجمان واپڈا کے مطابق موجودہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مون سون سیزن کے آغاز پر پانی کے ذخائر اطمینان بخش سطح پر ہیں، جس سے نہ صرف زرعی شعبے کو بہتر سہارا ملے گا بلکہ پن بجلی پیداوار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

واپڈا حکام کے مطابق دریاؤں میں بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔