ایس ای سی پی کا ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن سکیم میں منتقلی کے حوالہ سے وائٹ پیپر جاری

بدھ 16 جولائی 2025 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے 17 جون 2025ء کو منعقدہ قومی ورکشاپ کے بعد ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن (ڈی سی) پنشن سکیم پر وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔اس ورکشاپ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سینئر نمائندے، انشورنس اور پنشن فنڈ انڈسٹریز کے ماہرین اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت دار شریک ہوئے۔

ورکشاپ کا مقصد پاکستان کے مالی لحاظ سے غیر پائیدار ڈیفائنڈ بینیفٹ (ڈی بی) پنشن ماڈل سے زیادہ شفاف، پائیدار اور جامع ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن سسٹم کی طرف منتقلی پر بات چیت کرنا تھا جو ایس ای سی پی کے والینٹری پنشن سسٹم (وی پی ایس) فریم ورک کے تحت نافذ کیا جائے گا۔حکومت خیبر پختونخوا نے جولائی 2022ء میں ڈی سی پنشن اصلاحات کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

اس نئے نظام کے تحت تمام نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو ڈی سی اسکیم میں شامل کیا جاتا ہے جس میں ملازمین کی طرف سے 10 فیصد اور آجر کی طرف سے 12 فیصد حصہ ڈالا جاتا ہے۔

اس کے بعد پنجاب حکومت نے بھی اپنی ڈی سی پنشن رولز جاری کر دیے، جس سے وسیع پیمانے پر اصلاحات کی راہ ہموار ہوئی۔ دیگر صوبے بھی اس طرز کے فریم ورک تیار کرنے اور نافذ کرنے کے عمل میں ہیں۔اسی لیے قومی ورکشاپ کا انعقاد انتہائی اہم تھا تاکہ تمام متعلقہ فریق اپنے تجربات شیئر کریں، مسائل کی نشاندہی کریں اور منتقلی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کریں۔

ایس ای سی پی کے وائٹ پیپر میں ورکشاپ کی اہم باتوں کو یکجا کیا گیا ہے، صوبائی حکومتوں کی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا ہے اور ڈی سی پنشن سسٹم کے ملک گیر نفاذ کے لیے پالیسی اور ادارہ جاتی سطح پر قابل عمل سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ ان میں پنشن سکیم فریم ورک کو حتمی شکل دینا، ٹیکس کے معاملات میں ہم آہنگی پیدا کرنا، لیبر لاز میں ترامیم کرنا اور ملازمین میں آگاہی بڑھانا شامل ہے۔یہ دستاویز پاکستان میں طویل مدتی اور منصفانہ پنشن اصلاحات کے لیے کام کرنے والے سٹیک ہولڈرز کے لیے ایک رہنمائی کے طور پر تیار کی گئی ہے۔