کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی زیر صدارت شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور ٹریفک کی روانی کے حوالے سے جائزہ اجلاس

بدھ 16 جولائی 2025 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور بلا تعطل ٹریفک کی روانی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر) مہر اللہ بادینی، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ ڈاکٹر محمد سمیع،ڈویژنل ڈائریکٹر ڈوپلیمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد،ڈائریکٹر بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو شکیل احمد،سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ محمد علی کے علاوہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی انسداد تجاوزات سیل کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک اور کوڑا کرکٹ اہم مسائل ہیں جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے جس کے حل کیلئے پچھلے کچھ عرصے سے حکومت کافی تیزی کے ساتھ کام کر رہی اور اس کے بہتر نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں تاہم ابھی بھی ان مسائل کا مکمل خاتمہ نہیں ہوسکا اور اس حوالے سے کافی کام کرنا باقی ہے جس پر عملدرآمد کروا کر ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو مکمل فعال کیا گیا ہے جو کہ ٹریفک پولیس ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے تعاون سے لائحہ عمل تیار کرے گی جس سے ٹریفک کے مسائل میں کچھ حد تک کمی واقع ہوگی۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ نو پارکنگ زونز میں روزانہ کی بنیاد پر 1000 کے قریب چالان ہو رہے ہیں اور اس پر سختی سے عملدرآمد ہو رہا ہے ،اس کے علاوہ انسداد تجاوزات کے عملے کیساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر ریڑھیوں کو پکڑا جا رہا ہے جو ٹریفک میں خلل کا باعث بنتی ہیں جس پر کمشنر نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی مناسب پارکنگ اور ریڑھیوں کے مستقل حل کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرنے چاہیئں۔

شہر کے مختلف مقامات میں ٹریفک سگنلز لگائے جائیں، زیبرا کراسنگ اور سائین بورڈ آویزاں کیے جائیں ، شہر بھر کی سڑکوں پر ٹریفک کے بہاو کو چیک کیا جائے، جن سڑکوں کو ون وے کرنے کی ضرورت ہووہاں پر اسپائکس نصب کئے جائیں ، پیڈ پارکنگ کیلئے موثر نظام مرتب کیا جائے جبکہ ریڑھیوں کو مختص جگہوں پر منتقل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ محکمے ٹریفک مینجمنٹ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں اور باہمی تعاون سے دیر پا اور مستقل حل نکالیں ۔آخر میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو بریفنگ دی گی کہ پارکنگ کے حوالے سے جناح روڈ اور میزان چوک پر دو پارکنگ پلازہ تعمیر کیے جائیں گے جس سے شہر کے مرکزی بازاروں میں گاڑیوں کی پارکنگ کا مسلہ حل ہو سکے گا۔