پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیاتی تحفظ کا دورہ فیصل آباد،پلاسٹک بیگز کے خلاف مہم چلائی

بدھ 16 جولائی 2025 19:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیاتی تحفظ و جنگلات کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔انہوں نے ادارہ تحفظ ماحول (ای پی اے) فیصل آباد کی ٹیم کے ہمراہ رفحان میز انڈسٹریل یونٹ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی زیر تعمیر توسیع کا جائزہ اورساؤنڈ پروفنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا گیا۔

کنول لیاقت نے چنیوٹ بازار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پلاسٹک بیگز کے انسانی صحت اور ماحول پر مضر اثرات سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی مہم چلائی۔اس دوران شہریوں میں متبادل کے طور پر کپڑے کے تھیلے بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر مارکیٹ میں مختلف دوکانوں پر 75 مائیکرون سے کم موٹائی کے شاپنگ بیگز کی چیکنگ کی گئی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک دوکاندار کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا اور ممنوعہ بیگز کو تحویل میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں وہ چک جھمرہ میں واقع فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ (فیڈمک) کے گرین کراکری مینوفیکچرنگ یونٹ پہنچیں جہاں ماحول دوست صنعتی پیداوار کے عمل کا معائنہ کیا گیاوہاں موجود خواتین کارکنان سے ملاقات کی، ان کے کام کی تفصیلات حاصل کیں اور ان کی محنت و خدمات کو سراہا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے ادارہ تحفظ ماحول فیصل آباد کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے فیصل آباد عثمان اظہر اور ان کی ٹیم کے اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :