اینکر مرید عباس قتل کیس :عدالت نے ملزم عاطف زمان کو علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کرنے کی اجاز ت دیدی

جمعرات 11 ستمبر 2025 18:01

اینکر مرید عباس قتل کیس :عدالت نے ملزم عاطف زمان کو علاج کے لیے جناح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) کراچی کی مقامی عدالت نے میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے میں ملزم عاطف زمان کو علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کرنے کی اجاز ت دیدی ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے مقدمے میں ملزم عاطف زمان کی جانب سے میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لئے درخواست کی سماعت ہوئی۔

وکیل صفائی نے موقف دیا کہ ملزم کو ریڑھ کی ہڈی میں شدید تکلیف کا سامنا ہے۔ ملزم کو فوری طور پر میڈیکل ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے۔ ملزم کی موجودہ طبی صورتحال معذوری کا سبب یا جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ اگر جیل میں علاج ممکن نہیں تو جیل مینول کے مطابق جناح اسپتال منتقل کئے جانے پر اعتراض نہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل ریکارڈ کے مطابق ملزم کمر میں تکلیف کے باعث مسلسل زیر علاج رہا ہے۔

ملزم جیل کے اسپتال میں بھی زیر علاج رہا ہے۔ میڈیکل ریکارڈ کے مطابق ملزم کی صحت تشویشناک ہے اور مخصوص علاج جیل کے اسپتال میں ممکن نہیں ہے۔ جیل میں قید ملزم کی صحت و زندگی کی حفاظت ریاست کی ہے۔ کسی بھی ملزم کو علاج و معالجے یا آئینی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ علاج میں تاخیر سے ملزم کی صحت اور زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

عدالت نے ملزم عاطف زمان کو علاج کے لئے جناح اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو حراست میں قانون کے مطابق علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ مدعی کے وکیل کے مطابق ملزم کو علاج کی سہولت کی درخواست پر مدعی مقدمہ کو نہیں سنا گیا۔ ملزم کا بھائی عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر فرار ہوگیا تھا۔ اسپتال میں علاج کے نام پر ملزم عاطف زمان بھی فرار ہو سکتا ہے۔ کیس کا ٹرائل 7 سال بعد حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ تمام گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں صرف تفتیشی افسر کا بیان ہونا ہے۔