بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ معافی جرم ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 16 جولائی 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے علاقہ نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ اور قابلِ نفرت دہشتگردی قرار دیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا ایک ناقابلِ معافی جرم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ اس حملے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابلِ تلافی قومی نقصان ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کہا کہ فتنہ الہندوستان کی دہشتگرد تنظیمیں پہلے شناخت کی بنیاد پر حملے کرتی رہی ہیں مگر اب وہ اندھا دھند عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ یہ دہشت گردی پاکستانی شہریوں کے خلاف ہے، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ حملے دراصل پاکستان کے اتحاد، سالمیت اور امن کے خلاف اعلانِ جنگ ہیں جنہیں ہم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے، وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔