آر پی او ڈیرہ غازی خان کا عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد

بدھ 16 جولائی 2025 22:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوامی مسائل و پولیس سے متعلقہ شکایات کی سماعت کے لیے ڈی پی او سید علی کے ہمراہ تھانہ دراہمہ جبکہ ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد کے ہمراہ تھانہ تھانہ قریشی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، کھلی کچہریوں میں انجمن تاجران، بار نمائندگان، گڈز ٹرانسپورٹ، سول سوسائٹی ممبران، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آر پی او نے شہریوں کے مسائل بغور سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو میرٹ پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ آرپی او کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہریوں کے سلسلہ کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ دور دراز کےعلاقوں کےوہ شہری جو دفاتر تک نہیں آ سکتے ان کے پاس جا کر مسائل کو حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

عوامی شکایات کے حل میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کھلی کچہریوں کے اختتام پر آر پی او نےمیڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کی اور انکے سوالات کے جوابات دئیے۔ آر پی او نے کارکردگی کے جائزے کے لیے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن سٹی، بی ڈویژن، دراہمہ ڈی جی خان اور تھانہ قریشی مظفرگڑھ کے ہنگامی وزٹ کیے۔ آر پی او نے تھانہ جات میں سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن کی ایس او پی پر عمل درآمد، آن لائن و مینول ریکارڈ کی تکمیل، زیرتفتیش مقدمات، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری ، پینڈنگ درخواستوں، فرنٹ ڈیسک، حوالات، بیرکس، مال خانہ ،اسلحہ خانہ اورتھانہ جات کی عمارتوں کا خصوصی جائزہ لیا۔

آر پی او نے تھانہ جات میں موجود شہریوں سے مسائل دریافت کیے اورحوالات کے معائنہ کے دوران حوالات میں بند ملزمان سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر آر پی او نے بمطابق ٹائم لائن ایف آئی آر کے بروقت اندراج ،تھانہ میں آنے والے شہریوں کی مکمل دادرسی اور سروس ڈلیوری کے معیار میں مزید بہتری لانے کے احکامات جاری کیے۔ آر پی او نے ڈی پی او مظفرگڑھ کے ہمراہ تھانہ کرم داد قریشی میں سرکل آفیسران اور ایچ اوز کے ہمراہ خصوصی میٹنگ کا انعقاد کر کے کارکردگی کا خصوصی جائزہ لیا، سرکل آفیسران اور ایس ایچ اوز کو کارکردگی میں بہتری لانے، جرائم کی بیخ کنی، تھانہ میں لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے احکامات جاری کیے، سرکل آفیسران کو تھانہ جات کی مانیٹرنگ، سنگین مقدمات میں تفتیش کی نگرانی اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔