دی ہیگ گروپ کا اسرائیل کو اسلحے اور فوجی سازوسامان کی ترسیل پر پابندی کا اعلان، اسرائیلی جہازوں کی بندرگاہوں پر آمد و رفت بھی ممنوع قرار

جمعرات 17 جولائی 2025 16:14

میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) دی ہیگ گروپ کے رکن ممالک نے اسرائیل کو اسلحے اور فوجی سازوسامان کی ترسیل پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسرائیلی جہازوں کی بندرگاہوں پر آمد و رفت بھی ممنوع قرار دیدی ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی ’’تاس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بولیویا، کولمبیا، کیوبا، ہونڈوراس، ملائیشیا، نمیبیا، سینیگال،بیلیز اور جنوبی افریقہ پر مشتمل دی ہیگ گروپ نے غزہ کی صورتحال پر ہنگامی کانفرنس کے بعد اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں اسرائیل کو اسلحہ اور فوجی سازوسامان کی فراہمی پر مکمل پابندی اور ایسے اسرائیلی بحری جہازوں کی بندرگاہوں پر آمد و رفت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ہتھیار لے جا سکتے ہوں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کو اسلحہ، گولہ بارود، فوجی ایندھن، فوجی سازوسامان اور دوہری نوعیت کی اشیاء کی فراہمی یا منتقلی کو روکا جائے تاکہ ہماری صنعت نسل کشی، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں کے لئے سہولت کار نہ بنے۔

(جاری ہے)

دی ہیگ گروپ کے ممالک نے اس بات کا عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ایسے تمام بحری جہازوں کی آمد، ٹرانزٹ اور سروسنگ کو روکیں گے جن سے واضح طور پر خطرہ ہو کہ وہ اسرائیل کے لیے اسلحہ، گولہ بارود، فوجی ایندھن یا دوہری استعمال کی اشیاء لے جا رہے ہیں۔

یہ پابندی ان جہازوں پر بھی لاگو ہو گی جو گروپ کے رکن ممالک کے پرچم کے تحت اسرائیل کے مفاد میں فوجی سامان لے جا رہے ہوں۔مزید برآں، ان ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ وہ تمام سرکاری معاہدوں کا ہنگامی جائزہ لیں گے تاکہ عوامی ادارے اور عوامی فنڈز کسی بھی طور اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی حمایت نہ کریں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے شہری، کمپنیاں، ادارے اور حکام کسی بھی ایسے اقدام میں ملوث نہ ہوں جو اسرائیل کی مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں غیر قانونی موجودگی کو تسلیم کرے یا اس کی مدد کرے۔

دی ہیگ گروپ نے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے بین الاقوامی فرائض کو نافذ کریں،آزادانہ تحقیقات کو ممکن بنائیں، عالمی دائرہ اختیار کو تسلیم کریں، اقوام متحدہ کے منشور، جنرل اسمبلی کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔یہ ہنگامی وزارتی کانفرنس 15 اور 16 جولائی کو کولمبیا کے شہر بگوٹا میں منعقد ہوئی جس کی میزبانی کولمبیا اور جنوبی افریقہ نے مشترکہ طور پر کی۔ دی ہیگ گروپ جنوری 2024 میں ان ممالک نے قائم کیا تھا جو فلسطین کی حمایت کرتے ہیں جن میں بیلیز، بولیویا، کولمبیا، کیوبا، ہنڈوراس، ملائیشیا، نمیبیا، سینیگال اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔\932