بیٹنگ کے دوران احمقانہ غلطی، بھارتی خاتون کرکٹر شدید تنقید کی زد میں آگئیں

انگلینڈ کے سابق کھلاڑی مارک بچر نے کمنٹری کے دوران سخت الفاظ میں ہرلین کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ”انتہائی سست“ اور ”غیر ذمہ دار کرکٹ“ تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جولائی 2025 13:22

بیٹنگ کے دوران احمقانہ غلطی، بھارتی خاتون کرکٹر شدید تنقید کی زد میں ..
ساوتھمپٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جولائی 2025ء ) بھارتی خاتون کرکٹر ہارلین دیول بیٹنگ کے دوران احمقانہ غلطی کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بن گئیں، خاتون بیٹر کے رن آؤٹ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ 
جولائی 2021ء میں خاتون بھارتی کرکٹر ہارلین دیول نے انگلینڈ کے خلاف ساوتھمپٹن میں ایک شاندار کیچ پکڑ کر شائقین کرکٹ کو حیرت میں ڈال دیا تھا اور اب جولائی 2025ء میں انہوں نے ایسی غلطی کرڈالی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، اس بار ان کی شہرت میدان میں ان کی کارکردگی کی بدولت نہیں بلکہ ایک سنگین غلطی کے باعث سوشل میڈیا پر ان پر شدید تنقید کی گئی۔

 
یہ غلطی بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں ہوئی، جس کے نتیجے میں ہارلین دیول اپنی وکٹ گنوا بیٹھیں، بھارتی خاتون کرکٹر کی غلطی پر کمنٹیٹرز بھی خاموش نہ رہ سکے۔

(جاری ہے)

 

انگلینڈ کے سابق کھلاڑی مارک بچر نے کمنٹری کے دوران سخت الفاظ میں ہارلین کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ”انتہائی سست“ اور ”غیر ذمہ دار کرکٹ“ تھی۔

 
بچر نے کہا کہ جب امپائر نے ریویو کے لئے فیصلہ کیا تو انہیں بالکل سادہ سی پوزیشن میں رہنا چاہئے تھا۔ لیکن جب ری پلے میں یہ دکھایا گیا کہ ہارلین نے اپنا بیٹ یا پاؤں کریز سے آگے نہیں رکھا تو سب حیران رہ گئے، یہ لمحہ بھارت کے 259 رنز کے تعاقب کے دوران 22ویں اوور میں پیش آیا۔ 
ہارلین نے انگلینڈ کی بول شارلی ڈین کی گیند پر ایک تیز سنگل لینے کی کوشش کی، لیکن انگلینڈ کی آل راؤنڈر ایلس ڈیوڈسن-رچرڈز نے فوراً گیند کو اٹھایا اور اسٹمپ کی جانب پھینکا۔

 
پہلی نظر میں ایسا لگا جیسے ہارلین آسانی سے رن مکمل کرلیں گی، انگلینڈ کے فیلڈرز بھی کنفیوژن کا شکار تھے تاہم امپائر نے شبہ ظاہر کیا اور فیصلہ ٹی وی امپائر کو بھیجا، ری پلے میں یہ منظر بالکل مختلف تھا، جب گیند اسٹمپ سے ٹکرائی ہارلین نے نہ تو اپنے بیٹ کو گراؤنڈ پر رکھا اور نہ ہی پاؤں زمین پر تھے۔ 
 
انہیں 44 گیندوں پر 27 رنز کے اسکور پر رن آؤٹ قرار دیا گیا تاہم خوش قسمتی سے ہارلین کا رن آؤٹ بھارت کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت نہیں ہوا۔ 
بھارت نے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔