گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی کوئٹہ بس حادثے میں شہید قوال احمد کے گھر آمد، اہل خانہ سے اظہار تعزیت

جمعرات 17 جولائی 2025 18:03

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی کوئٹہ بس حادثے میں شہید قوال احمد کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کوئٹہ بس حادثے میں شہید ہونے والے معروف قوال احمد کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ گورنر سندھ نے شہید قوال کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم اس خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، یہ ہمارے اپنے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش پر بھی شدید ردعمل دیا اور کہا کہ جہاں تین جنازے آرہے ہیں، وہاں بجلی بند ہے، کے الیکٹرک ہوش کے ناخن لے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں درحقیقت ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو عناصر ان کارروائیوں میں ملوث ہیں، وہ فتنہ ہندوستان کے آلہ کار ہیں۔ ہم اپنے قوال بھائیوں کے خون کا حساب ضرور لیں گے۔ گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی ادارے ان بزدلانہ حملوں کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں ۔