پی ایچ اے لاہورمیں بایومیٹرک اور موبائل ایپ کے ذریعے حاضری کا جدید نظام نافذ

جمعرات 17 جولائی 2025 18:47

پی ایچ اے لاہورمیں بایومیٹرک اور موبائل ایپ کے ذریعے حاضری کا جدید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے ادارے کی کارکردگی، شفافیت اور نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے دفاتر اور فیلڈ سٹاف کی حاضری کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے۔ پی ایچ اے کے تمام دفاتر میں بایومیٹرک مشینوں کے ذریعے حاضری کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہیجبکہ فیلڈ سٹاف کی حاضری پہلی بار جدید موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

فیلڈ سٹاف کی حاضری کی نگرانی کے لیے ہر زون میں متعلقہ سپروائزرز کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جو ایپ کے ذریعے حاضری کو مانیٹر اور ریکارڈ کریں گے۔ اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ حاضری کا شفاف نظام ادارے میں جوابدہی اور ڈسپلن کو فروغ دے گا اور یہ اقدام پی ایچ اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید سسٹم تمام ہارٹیکلچر زونز اور دفاتر میں مکمل طور پر نافذ کیا جا چکا ہے اور اب ادارے کے انتظامی و فیلڈ امور کو ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید موثر اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔