اعجاز چوہدری کی درخواستوں پرسماعت، 9 مئی کے مقدمات میں ریکارڈ طلب

جمعرات 17 جولائی 2025 22:42

اعجاز چوہدری کی درخواستوں پرسماعت، 9 مئی کے مقدمات میں ریکارڈ طلب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی 9 مئی کے چار مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے اعجاز چوہدری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے شریک ملزمان کی ضمانت چیلنج کرنے کا ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

سرکاری وکیل کی استدعا پر عدالت نے متعلقہ ریکارڈ طلب کرنے کی اجازت دی اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں 16 مرکزی ملزمان نامزد ہیں، جن میں سے کچھ عبوری ضمانت پر ہیں اور کچھ کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق اعجاز چوہدری، شفقت محمود اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانتیں خارج ہو چکی ہیں، جبکہ اس مقدمے میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے مزید بتایا کہ مقدمے کا چالان جمع کرایا جا چکا ہے، پراسیکیوشن کے گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ ہو چکے ہیں، جبکہ کچھ سرکاری گواہوں پر ٹرائل کورٹ میں جرح بھی ہو چکی ہے۔اعجاز چوہدری کے وکیل میاں اشفاق نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کی ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے 9 مئی کے چار مقدمات میں ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔