پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت ڈکلیئر کرنے کیلئے علی گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ میں رِٹ دائر کردی

جمعرات 17 جولائی 2025 22:53

پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت ڈکلیئر کرنے کیلئے علی گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی جماعت ڈکلیئر کرنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ میں رِٹ دائر کردی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے رِٹ قاضی انور ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی، جس میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں الیکشن رولز 2017 رول نمبر 94(4) کو چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رولز کے مطابق سیاسی جماعت کی تعریف میں شامل ہے کہ اگر انتخابی نشان نہ ہو تو وہ پارٹی نہیں ہوگی، تاہم الیکشن ایکٹ 2017ء سیاسی جماعت کی تعریف میں انتخابی نشان لازمی نہیں ہے۔پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن رولز، 2017 ایکٹ میں پولیٹیکل پارٹی کی تعریف سے متصادم ہے۔

(جاری ہے)

قانونی طور پر رولز کو ایکٹ پر ترجیح نہیں دی جاسکتی۔ الیکشن کمیشن نے اس بنا پر پی ٹی آئی امیدواروں کو آزاد قرار دیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے۔ سپریم کورٹ کے 13 رکنی بینچ نے بھی پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت ڈکلیئر کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو آزاد قرار دے۔