انصاف کی روشنی ہر فرد کی زندگی کو روشن کر سکتی ہے،مریم نوازشریف

جمعرات 17 جولائی 2025 22:30

انصاف کی روشنی ہر فرد کی زندگی کو روشن کر سکتی ہے،مریم نوازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ انصاف کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ انصاف ایک ایسا سورج ہے جس کی روشنی کے بغیر کسی قوم کی تقدیر کبھی روشن نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ناانصافی ہو، وہاں بداعتمادی، نفرت، فتنہ اور انتشار جنم لیتے ہیں، اور یہ عوامل صرف فرد کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کی بنیادوں کو کمزور کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انصاف نہ ہو تو ترقی اور خوشحالی صرف ادھورے خواب بن کر رہ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں انصاف اور مساوات کو ترجیح دینا ان کی حکومت کا عزم ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ناانصافی کے خاتمے کے لیے ان کی حکومت نے پیرا جیسے ادارے قائم کیے ہیں تاکہ عام شہریوں کو بروقت اور مؤثر انصاف فراہم کیا جا سکے۔مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام پالیسیوں کا مقصد ہر فرد کو بلاامتیاز انصاف اور بنیادی حقوق کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کو قائم رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری بھی ہے اور ہمارا پختہ عہد بھی۔آخر میں وزیراعلیٰ نے کہاانصاف کی روشنی ہر فرد کی زندگی کو روشن کر سکتی ہے۔