ضلع شہید بینظیر آباد میں خاندانی دشمنی چھ افراد کی جان لے گئی، ایس ایس پی کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری

Shahbaz Ali Asadi شہباز علی اسدی جمعرات 17 جولائی 2025 17:39

نواب شاہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) تھانہ بی سیکشن کی حدود میں خاندانی دشمنی کے نتیجے میں چھ افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ بھنگوار برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانے خاندانی تنازعے کا شاخسانہ ہے، جس کا آغاز 2010 میں ہوا تھا۔ اُس وقت اسماعیل بھنگوار کے والد سمیت تین افراد قتل ہوئے تھے، جس پر چار ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا، جو تاحال زیرِ حراست ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق، بدھ کے روز اسماعیل بھنگوار نے مبینہ طور پر عدالت میں پیشی کے لیے جانے والے مخالف گروپ کے چھ افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے گھروں کو مسمار کر دیا اور سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی شہید بینظیر آباد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گاؤں اور شہر میں ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ترجمان شہید بینظیر آباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں قیام امن کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے کو دیں۔