محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام بنیادی ہیلتھ یونٹ دودھنیال میں فری فیملی پلاننگ کیمپ کا انعقاد

جمعرات 17 جولائی 2025 20:05

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی ہدایت پر محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام بنیادی ہیلتھ یونٹ دودھنیال میں فری فیملی پلاننگ کیمپ کا انعقاد کیاگیا۔ ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی ڈاکٹر سردار آفتاب نے کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی اور میڈیکل آفیسر بھی موجود تھے۔

کیمپ میں فالو اپ کے لیے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ مفت مانع حمل ادویات سمیت دیگر تولیدی صحت سے متعلق مشورے اور سہولیات حاصل کیں۔ ڈائریکٹرجنرل سردار آفتاب نے شرکاء کو خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت اورآبادی میں توازن کے فوائد پر تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی نے خاندانی منصوبہ بندی کے لیے قائم کیمپ کے تمام ڈسک کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ بہبود آبادی کے ضلعی آفیسر عارف خان ضلعی دفتر سٹاف کے ہمراہ موجود رہے اور کیمپ میں آنیوالی خواتین کا معائنہ کراتے رہے اور خاندانی منصوبہ بندی کے مفید مشورے بھی دیتے رہے۔ ڈائریکٹرجنرل نے کہا کہ آبادی کے توازن، ماں اور بچے کی صحت کے لیے فیملی پلاننگ انتہائی ناگزیر ہے۔ فیملی پلاننگ خوشحال خاندان کی ضمانت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سب ڈویژن شاردہ میں بڑا فیملی پلاننگ کیمپ پاک آرمی کے تعاون سے لگائیں گے جس میں تولید صحت کے متعلق نیو کلائنٹس اور فالو اپ اور جنرل چیک اپ بھی ہوگا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی خصوصی کاوش سے ماں اور بچے کی صحت اور آبادی کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور جلد مزید بہبود آبادی کے مزید تین یونٹ کھول کر خاندانی منصوبہ بندی کو موثر بنائیں گے۔بی ایچ یو دودھنیال کے ہیلتھ سٹاف نے کیمپ کے انعقاد میں معاونت کی اور ڈائریکٹر جنرل کی کیمپ آمد پر میڈیکل آفیسر اسرار نے ہمراہ ٹیم خوش آمدید کہا۔

ڈاکٹر فضا گل سینئر انسٹرکٹر ریجنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مظفرآبادڈاکٹر صدف سلیم، انچارج آفیسر تولید صحت مظفرآباد نے بی ایچ یو دودھنیال میں 30 سے زائد خواتین اور اپر نیلم میں 13خواتین کا فالو اپ کیا اور خاندانی منصوبہ بندی کے لئے مزید مشورے بھی دیے گئے۔میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محترمہ منتہیٰ نے ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی کو خوش آمدید کہا تولیدی مرکز صحت پر بریفنگ بھی دی۔شہریوں نے محکمہ بہبود آبادی کی اس کاوش کو سراہا ہے۔