قیام امن کیلئے عوام ،ریاستی اداروں کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،ذوالفقار علی بھٹی

شرپسند عناصر کو کسی صورت علاقے کا امن خراب کرنے دینگے ،نہ ہی مٹھی بھر عناصر کو مذموم عزائم میں کامیاب ہونے دیا جائیگا،جی او سی نائن ڈویژن کوہاٹ

جمعرات 17 جولائی 2025 19:05

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) نائن ڈویژن کوہاٹ میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ خطہ کی ترقی کے لئے امن بنیادی اورانتہائی ضروری ہے اور قیام امن کے لیے عوام اور ریاستی اداروں کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔انہوں نے واضح طورپر کہا کہ شرپسند عناصر کو کسی صورت علاقے کا امن خراب کرنے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی مٹھی بھر عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وہ گزشتہ روز ضلع ہنگو کے شہر ٹل میں واقع قلعہ میں منعقدہ ایک اہم اور اعلیٰ سطحی گرینڈ جرگہ کی صدرات کررہے تھے۔جرگہ میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ‘ کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس ‘ کرم اور ہنگو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز سمیت سول و عسکری حکام کے علاوہ قبائلی مشران‘ علمائے کرام اورسیاسی و سماجی نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

جرگہ میں علاقے میں امن و امان کے قیام، باہمی ہم آہنگی اور شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگوکی گئی۔ اس موقع پر مشران نے ریاستی اداروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اعلان کیا کہ علاقے میں دیرپا امن کے قیام کیلئے وہ ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ اس موقع پرکمشنر کوہاٹ ڈویژن نے مشران کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تذکرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ان اضلاع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے اور 26-2025 کے بجٹ میں کافی اہم منصوبے رکھے گئے ہیںتاہم انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرامن ماحول لازمی ہے تاکہ ترقیاتی کام کرنے والے ادارے اور کنٹریکٹرز بلاخوف و خطر اپنا کام جاری رکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم کام کیلئے مشران کا انتہائی اہم کردارہے اور اس سلسلے میں انہیں حکومت کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔جرگہ کے اختتام پر علاقے میں امن کے قیام، ترقیاتی اقدامات اور بین الاضلاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔