لکی مروت،بیٹنی قومی تحریک کے مسلح احتجاج کے بعد کریک ڈاؤن، 20 افراد گرفتار،اسلحہ برآمد

جمعرات 17 جولائی 2025 20:10

لکی مروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)لکی مروت میں مروت بیٹنی قومی تحریک کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سربراہ انعام اللہ کی قیادت میں مسلح احتجاج کے بعد درجنوں کارکنوں کیخلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

میڈیار پورٹ کے مطابق مروت بیٹنی قومی تحریک کی جانب سے مسلح احتجاج کے بعد پولیس حرکت میں آگئی ہے اور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، درج کیے گئے مقدمات میں دہشت گردی، اشتعال انگیزی، سڑک بلاک کرنے اور امن عامہ میں خلل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کر کے ان کی فہرست جاری کردی ہے، گرفتار افراد میں تحریک کے سرگرم کارکن شامل ہیں، متعدد مقامی سطح پر متحرک تھے۔گرفتار شدگان میں 4 افراد کا تعلق پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) سے ہے، ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، مشران اور پولیس حکام کے درمیان جاری مذاکرات کے باوجود صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔