Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی پہلی فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا اجراء کردیا

جدید ٹیکنالوجی سے صوبے میں 2.2 ملین ہیکٹر پر مشتمل10 پوٹینشل منصوبوں کی نشاندھی کی گئی ہے، ان منصوبوں سے 4 ارب ڈالر کی آمدن متوقع ہے، 50 ہزار گرین جابز بھی پیدا ہوں گی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 17 جولائی 2025 21:05

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی پہلی فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کی پہلی فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا اجراء کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی گئی اس میپنگ کے ذریعے صوبے میں 2.2 ملین ہیکٹر پر مشتمل دس پوٹینشل منصوبوں کی نشاندھی کی گئی ہے۔ یہ منصوبے 400 ملین ٹن سے زائد کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان منصوبوں پر عمل درآمد سے 4 ارب ڈالر کی متوقع آمدن حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان منصوبوں سے 50 ہزار گرین جابز  کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے گرین فنانس تک رسائی کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر صوبے کی پہلی فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا اجراء کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے وزیر اعلی ہاوس پشاور میں منعقدہ تقریب میں رپورٹ کا باضابطہ اجراء کیا۔

(جاری ہے)

سیڈ پروگرام کے تعاون سے تیار کی گئی اس میپنگ کے ذریعے صوبے میں 2.2 ملین ہیکٹر پر مشتمل دس پوٹینشل منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو مجموعی طور پر 400 ملین ٹن سے زائد کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ منصوبوں پر عملدرآمد سے چار ارب ڈالر کی آمدن متوقع ہے جبکہ ان منصوبوں سے 50 ہزار گرین جابزکے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ کے اجراء کو جنگلات کے شعبے میں صوبائی حکومت کا ایک تاریخی اقدام قرار دیا اور یہ شاندار پیشرفت یقینی بنانے پر محکمہ جنگلات اور پارٹنر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ عالمی کاربن کریڈٹ مارکیٹ میں شراکت کے لئے بنیاد فراہم کرے گی اور اس سے صوبائی حکومت کے لیے گرین فنانس جیسے جدید مالیاتی ذرائع تک رسائی ممکن ہوگی۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ یہ میپنگ صوبے کی ماحولیاتی، معاشی اور سماجی ترقی کے لئے ایک جامع ماڈل کا کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قدرت نے خیبر پختونخوا کو بہت سے قیمتی وسائل سے نوازا ہے،جنگلات ان وسائل میں سے ایک اہم وسیلہ ہیں، جو دنیا میں باقاعدہ ایک صنعت کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان بیش قیمت قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے، تاہم پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ دس سالوں کے دوران صوبے میں جنگلات کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، یہ کامیابیاں جنگلات اور ماحولیات سے متعلق بانی چیئرمین عمران خان کے وژن پر عمل سے ممکن ہوئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کہا کہ جنگلات کے فروغ کے لئے عمران خان کے وژن اور کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

انہوں نے صوبے میں جنگلات کی موجودہ پوٹینشل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران صوبے میں جنگلات کے رقبے میں چھ فیصد اضافہ ہوا ہے، خیبر پختونخوا کے جنگلات کا رقبہ پورے ملک کے جنگلاتی رقبے کا 46 فیصدہے، اسی طرح صوبے کے جنگلات ملک کا 50 فیصد کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کاربن کریڈٹ کی مد میں صوبے کو 100 ملین ڈالر سالانہ آمدن متوقع ہے، ہم جنگلات کو صوبے کے معاشی استحکام اور لوگوں کی خوشحالی کیلئے موثر طریقے سے استعمال میں لانے پر کام کر رہے ہیں، موجودہ صوبائی حکومت کاربن کریڈٹ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ان کی حکومت صنعتی اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرکے بھی اپنے کاربن کریڈٹ میں اضافہ کرنے پر کام کر رہی ہے، صوبے میں جنگلات کے رقبے کو مزید بڑھانے کے بہت سارے مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششیں تب تک موثر نہیں ہو سکتیں جب تک عوام اس میں اپنا حصہ نہ ڈالیں، لہذا عوام جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مستعمل زمینوں اور اپنے گھروںکے ارد گرد زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں، ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے گرین خیبر پختونخوا کا خواب حقیقت میں بدل سکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات