وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:28

وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔بیجنگ کے کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹو کانفرنس کی بیجنگ میونسپل کمیٹی کی رکن ہین زیرونگ، چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے 25 ویں اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم پلس اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے قیام کے دوران چین کے صدر اور وزیراعظم سمیت روس، ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کے صدور سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بیجنگ میں منعقدہ دوسری پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی جہاں دونوں ممالک کے کاروباری و سرمایہ کار حلقوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔