پی سی جے سی سی آئی کی جانب سے سرکاری اداروں میں چائنا ڈیسک قائم کرنے کی تجویز

جمعرات 17 جولائی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت صنعتی تعاون اور دو طرفہ اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پی سی جے سی سی آئی صدر نذیر حسین نے زور دیا کہ پی سی جے سی سی آئی صنعتی ترقی کے وسیع تر ویژن سے مکمل ہم آہنگ اور پاک چین کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف سرکاری اداروں میں مخصوص "چائنا ڈیسک" قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، یہ ڈیسک چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے لیے ایک مرکزی سہولت پوائنٹ کے طور پر کام کریں گے، جہاں سے وہ ریگولیٹری معاونت، منصوبہ بندی کی رہنمائی اور کاروباری سہولیات تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر بریگیڈیئر منصور سعید شیخ (ر) نے کہا کہ ہمارا مقصد نجی شعبے کی صلاحیتوں کو پالیسی ساز اداروں کے ساتھ جوڑ کر مضبوط بنانا ہے، اس سے نہ صرف چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کے اہم صنعتی شعبوں میں جدیدیت بھی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی جے سی سی آئی چینی گرین ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے میں ایک فعال کردار ادا کرے گا تاکہ ملک میں ماحول دوست صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔