وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان کا کوٹ مٹھن میں دریائے سندھ کے کنارے قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ

جمعرات 17 جولائی 2025 21:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے کوٹ مٹھن میں دریائے سندھ کے کنارے قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق، محکمہ آبپاشی، صحت، لائیو اسٹاک اور ریسکیو 1122 کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ایکسین اریگیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے دریائے سندھ میں پانی کی موجودہ صورتحال اور کوٹ مٹھن کے ساتھ قائم فلڈ حفاظتی بند کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تیاریوں کو ہر لحاظ سے مکمل اور الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور ریسکیو 1122 کی جانب سے قائم کیمپوں کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ کا خود بھی جائزہ لیا۔کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔