ہنرمند پنجاب پروگرام کاافتتاح ،پاکستان کا پہلا اسکالرشپ کارڈ بھی جاری

جمعرات 17 جولائی 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ہنرمند پنجاب پروگرام کا شاندار افتتاح کر دیا گیا جس میں پاکستان کا پہلا اسکالرشپ کارڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔اس پروگرام کا وژن ہے کہ 50ہزار اسکالرشپ کارڈز فراہم کیے جائیں گے جن میں سے 25ہزار پنجاب کے طلبہ کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 25ہزاردیگر صوبوں کے نوجوانوں کو دیئے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق سکالرشپ کارڈ کے ذریعے طلبہ کو فری لیپ ٹاپس، سولر سکیم، سٹڈی ابروڈ اور جدید ترین فری آئی ٹی ٹریننگز حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

پہلے مرحلے میں 5 لاکھ طلبہ کو جدید آئی ٹی ٹریننگز دی جائیں گی، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کر کے انہیں با اختیار بنانا اور ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کے قابل بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی عدنان افضل چٹھہ (چیئرمین، سی ایم ٹاسک فورس برائے اسکل ڈویلپمنٹ) تھے، جنہوں نے 15 سے زائد ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔

تقریب میں ملک بھر سے ممتاز تعلیمی و ٹیکنالوجی کی شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں ڈاکٹر یاثر ایاز، چیئرمین، نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلیجنس (نسٹ)،ڈاکٹر وجاہت قاضی اسسٹنٹ پروفیسر، کامسیٹس،ڈاکٹر یاثر نیاز، چیف ٹیکنالوجی آفیسر، لاہور سیف سٹی زکی اعجاز وائس پریزیڈنٹ ایف پی سی سی آئی شامل تھے۔ تقریب میں چوہدری محمد ابوبکر چیئرمین تاجران اتحاد گروپ اور پنجاب بھر سے مختلف اسکولز، کالجز ، یونیورسٹیز کے پروفیسرز اور پرنسپلز نے بھی شرکت کی ۔