محکمہ ہائوسنگ پنجاب میں افسران کی میرٹ پر تقرری کیلئے سرچ کمیٹی کااجلاس طلب

جمعرات 17 جولائی 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) محکمہ ہائوسنگ پنجاب میں افسران کی میرٹ پر تقرری کے لیے بنائی گئی سرچ کمیٹی کا دوسرا اجلاس طلب کر لیا گیا ،اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع کے لیے ڈپٹی ایم ڈی واسا اور سول انجینئرز عہدوں پر تعیناتی کے لیے انٹرویوز کیے جائیں گے۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق 30 افسران کو انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا ہے ، ان کا انتخاب مکمل طور پر پیشہ ورانہ قابلیت واہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ کمیٹی اگلے دو روز تک انٹرویوز کا عمل مکمل کرے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ سرچ کمیٹی صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یٰسین کی سربراہی میں کام کر رہی ہے ،اس کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ محکمہ ہائوسنگ میں شفافیت، میرٹ اور سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزیدبتایا کہ سرچ کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں تمام نئی واسا ایجنسیز کے سربراہان کا تقرر بھی میرٹ پر کیا تھا اور اب دوسرے مرحلے میں سرگودھا، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، سیالکوٹ، جھنگ، اوکاڑہ، رحیم یار خان، حافظ آباد اور جہلم کے لیے افسران کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔

محکمہ ہا ئوسنگ نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کا مقصد قابل، اہل اور پیشہ ور افسران کو کلیدی عہدوں پر تعینات کرنا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر، بروقت اور موثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔