پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق احمد کے جسمانی ریمانڈمیں مزید ایک روزہ توسیع

جمعرات 17 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت نے ایف آئی اے کی زیر حراست پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق احمد کے جسمانی ریمانڈمیں مزید ایک روزہ توسیع کردی۔جمعرات کے روز سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق احمدکو3 دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس موقع پر سابق صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ریاست علی آزاد ملزمان کیجانب سے عدالت میں پیش ہوئےاور موقف اختیار کیاکہ تمام بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی گئی تھی باقاعدہ اشتہار دیئے گئے تھے،دوران سماعت ایف آئی اے کیجانب سے ملزمان کے مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نے کہاکہ چیئرمین پی اے آر سی کو غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے،چیئرمین پی اے آر سی نے 164 منظور شدہ آسامیوں پر 332 افراد غیر قانونی طریقہ سے بھرتی کیا،ابھی شواہد اور مزید تفتیش کیلئے ریمانڈ چاہیے۔

عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 1 دن کی توسیع کردی، دونوں ملزمان کو دوبارہ 1 دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرآج جمعہ 18 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی سمیت 19 افسروں کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے،پبلک اکائونٹس کمیٹی نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کا معاملہ ایف آئی اے کی سپرد کیا تھا۔