گوادر سے عمان تک فیری سروس شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 18 جولائی 2025 12:51

گوادر سے عمان تک فیری سروس شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے،وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گوادر سے عمان تک فیری سروس شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے ،جس سے ناصرف زائرین بلکہ مقامی آبادی کو بھی آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوگی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت برائے میری ٹائم افیئرز کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گوادر کی ترقی، عوامی سہولتوں اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق اہم معاملات زیر بحث آئے۔

اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادار سے عمان تک فیری چلانے کے منصوبے پر بلوچستان حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے گوادر شہر میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے تحت قائم کردہ واٹر پلانٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے روزانہ 1.2ملین گیلن پینے کا صاف پانی شہریوں کو میسر آئے گا جو طویل عرصے سے درپیش پانی کے مسئلے کے دیرپا حل کی طرف اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے تمام مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور اسپورٹ دی جائے گی تاکہ گوادر کی بندرگاہ ملکی معیشت میں مرکزی کردار ادا کر سکے۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر کی ترقی درحقیقت بلوچستان کی ترقی ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔