گلوبل کونسل فار ٹالرنس اینڈ پیس کی غزہ میں چرچ پر اسرائیلی حملے کی مذمت

جمعہ 18 جولائی 2025 13:10

ولیٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) گلوبل کونسل فار ٹالرنس اینڈ پیس نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں خاص طور پر چرچ پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان ہولناک جرائم پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق گلوبل کونسل فار ٹالرنس اینڈ پیس کے صدر احمد بن محمد الجروان نے کہا ہے کہ شہری علاقوں اور مذہبی مقامات کو مسلسل نشانہ بنانا انسانی اقدار کی سنگین بے حرمتی کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی دنیا بھر کے لوگ مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خاندانوں، بچوں اور خصوصی ضروریات کے حامل لوگوں کے ہجوم والے مقام کو نشانہ بنانا انسانی وقار اور اقدار پر براہ راست حملہ ہے اور اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم واقعی دنیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو اس طرح کی مجرمانہ کارروائیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی جارحیتیں تنازعات کو ہوا دیتی ہیں، نفرت اور تشدد کو جنم دیتی ہیں اور انسانیت کا تحفظ اور عالمی امن، استحکام اور ترقی کے حصول کی کوششوں کو تباہ کرنے کا خطرہ پیدا کرتی ہیں جن کی بین الاقوامی برادری طویل عرصے سے حمایت کر رہی ہے ۔