سیریز میں خسارہ، بھارت نے جسپریت بمراہ کے آرام کا پلان نظر انداز کردیا

انگلینڈ سے چوتھے ٹیسٹ میں فاسٹ بولر کی ٹیم میں شمولیت کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جولائی 2025 15:21

سیریز میں خسارہ، بھارت نے جسپریت بمراہ کے آرام کا پلان نظر انداز کردیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جولائی 2025ء ) سیریز میں خسارے کا شکار ہونے پر بھارت نے جسپریت بمراہ کے آرام کا پلان نظرانداز کردیا۔ 
بھارت نے اپنے سٹار پیسر جسپریت بمرا کو تازہ دم اور انجریز سے محفوظ رکھنے کیلیے ایک میچ کے بعد دوسرے میں آرام دینے کا پلان بنایا تھا جس کے تحت انھیں انگلینڈ سے دوسرے میچ میں آرام دیا گیا مگر سیریز میں خسارے کا شکار ہونے کی وجہ سے بھارت اب اختتامی 2 میچز میں کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتا، سٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بھی 23 جولائی سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر شیڈول چوتھے ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔

بمراہ نے لارڈز کی پہلی اننگز میں 74 رنز دیکر 5 اور دوسری باری میں 38 رنز کے عوض 2 شکار کیے تھے، وہ اب تک سیریز میں 21 کی اوسط سے 12 وکٹیں اڑا چکے ہیں، سیریز میں اب تک بمراہ 86.4 جبکہ ان کے پارٹنر سراج 109 اوورز بولنگ کراچکے ہیں۔

(جاری ہے)

 

اگرچہ سیریز میں بمراہ کو 3 ٹیسٹ کھلانے کا ارادہ تھا لیکن موجودہ صورتِ حال اور 8 دن کا وقفہ انھیں واپس اسکواڈ میں شامل کرنے کا موجب بنا۔

 
سابق کپتان انیل کمبلے نے واضح طور پر کہا کہ بمرا کو چوتھے ٹیسٹ میں ہرصورت کھیلنا چاہیے کیونکہ ان کے بغیر بھارت کی جیت مشکل ہوگی۔ 
بھارتی ٹیم اب تک مانچسٹر میں کوئی ٹیسٹ نہیں جیت پائی ہے۔ بمراہ کی واپسی بھارت کے بولنگ شعبے میں مضبوط پیغام ہے۔ 
دوسری جانب بھارتی ٹیم نے نئے چیلنج کی تیاریاں شروع کردیں، کینٹ کاؤنٹی گراؤنڈ پر گذشتہ دن ہونے والی ٹریننگ میں تمام پلیئرز موجود رہے البتہ لوکیش راہول نے حصہ نہیں لیا، اس کی کوئی وجہ بھی ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔

 
جمعہ 18 جولائی کو بھارتی ٹیم آرام کرے گی، ہفتہ 19 جولائی کو مانچسٹر روانگی متوقع ہے، اولڈ ٹریفورڈ پر باضابطہ ٹریننگ کی شروعات اتوار سے ہوگی، وکٹ کے مدنظر 2 اسپنرز بھی شامل کیے جاسکتے ہیں، کرن نائر کو بھی موقع مل سکتا ہے۔ 
ادھر انگلینڈ لائن اپ میں کپتان بین اسٹوکس کی ممکنہ شمولیت کے علاوہ گس ایٹکسن اور لیام ڈاسن کی واپسی بھی متوقع ہے، آرچر بدستور ایکشن میں دکھائی دیں گے۔