گورنر خیبرپختونخوا سے حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم کی ملاقات

جمعہ 18 جولائی 2025 17:40

گورنر خیبرپختونخوا  سے حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل ) کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم نے جمعہ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ گورنر ہائوس ئسے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ان کے ہمراہ ایریا منیجر پشاور ارباب سرفراز خان، ہیڈ ریٹیل بینکنگ سید عالیشان زیدی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ، کاروباری ماحول کی بہتری اور حبیب بینک کی جانب سے برانچ نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محمد ناصر سلیم نے گورنر کو حبیب بینک کے مختلف جاری منصوبوں اور خدمات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر کہا کہ بینکاری شعبہ صوبے میں مالیاتی سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کو خودروزگار کے مواقع دینے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے بینک کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حبیب بینک مستقبل میں بھی صوبے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔