نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر احمد علی السیغ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

جمعہ 18 جولائی 2025 22:58

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر احمد علی السیغ کے درمیان ٹیلیفونک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے وزیر احمد علی السیغ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری اور باہمی تعاون میں وسعت پر بات چیت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

اسحاق ڈار نے یو اے ای کی پاکستان میں مسلسل حمایت اور سرمایہ کاری کو سراہا، جبکہ احمد علی السیغ نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو خطے میں استحکام اور ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں وزراء نے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔