ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت امام زین العابدینؓ کے جلوس کے سکیورٹی انتظامات بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعہ 18 جولائی 2025 19:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت حضرت امام زین العابدین ؓکے یوم شہادت کے سلسلے میں 25 محرم الحرام بروز پیر برآمد ہونے والے عزادری جلوس کے انتظامات اور سکیورٹی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جلوس بلاک نمبر 7 سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ بلاک نمبر 19 پر اختتام پذیر ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوس کے دوران عاشورہ جیسا نظم و ضبط اور سکیورٹی کا معیار برقرار رکھا جائے۔ جلوس کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، پولیس نفری کی تعیناتی اور رضاکاروں کی مدد حاصل کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر سبیلیں اور طبی کیمپس بھی قائم کیے جائیں،صفائی ستھرائی، روشنی اور نکاسی آب کے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے وقت کی پابندی کو سختی سے یقینی بنانے کے لیے پولیس اور سول انتظامیہ کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فہد محمود، ایس ای فیسکو ابرار خان، اسسٹنٹ کمشنر شیری گل، سول ڈیفنس، ایس ڈبلیو ایم سی، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عزاداروں کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :