عمان کے قریب کشتی حادثہ، 19 پاکستانی لاپتہ، ایک کو زندہ بچا لیا گیا

کشتی میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگی، جس پر مسافروں نے سمندر میں چھلانگ لگا دی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 12 ستمبر 2025 15:06

عمان کے قریب کشتی حادثہ، 19 پاکستانی لاپتہ، ایک کو زندہ بچا لیا گیا
عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 ستمبر2025ء) عمان کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں 19 پاکستانی لاپتہ ہوگئے جبکہ ایک شہری کو زندہ بچا لیا گیا۔ ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 20 پاکستانیوں پر مشتمل یہ کشتی 7 ستمبر کو سمندر میں طوفان کا شکار ہوئی۔ حادثے کے دوران کشتی میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی، جس پر مسافروں نے سمندر میں چھلانگ لگا دی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشتی حادثے میں صرف ایک شخص حامد اللہ خان کو زندہ بچایا گیا جسے ایک بحری جہاز نے ریسکیو کیا۔ بچائے گئے پاکستانی کو عمانی حکام نے حراست میں لے لیا ہے اور پاکستانی سفارتخانہ اس کی وطن واپسی کے انتظامات میں مصروف ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کشتی گوادر سے ایران کے راستے عمان کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ زندہ بچ جانے والے حامد اللہ خان نے اپنے 19 ساتھیوں میں سے 11 کی شناخت فراہم کردی ہے. تاہم باقی لاپتہ افراد کے بارے میں مزید معلومات کے لیے عمانی وزارت خارجہ سے رابطہ جاری ہے۔