پاکستان کا فٹبال تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، صدرپاکستان فٹبال فیڈریشن

جمعہ 18 جولائی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان میں فٹبال کی بحالی اور ترقی کے لیے جامع منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کا فٹبال جمود سے نکل چکا اور اب تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وہ فٹبال ہائوس میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرفیڈریشن کے نائب صدر حافظ ذکاء اللہ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن راجہ عامر خان بھی تھے۔

محسن گیلانی نے بتایا کہ حال ہی میں ان کی ملاقات فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے ہوئی، جنہوں نے پاکستان میں منعقدہ انتخابات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ فیفا کے دو بڑے ترقیاتی پروگرام پاکستان میں شروع کیے جا رہے ہیں، پہلا منصوبہ فیفا ایرینا پروگرام ہے، جس کے تحت ملک میں جدید طرز کی منی فٹبال پچز بنائی جائیں گی، اس پروگرام کے لیے فیفا سے معاہدہ ہو چکا اور دو پائلٹ پراجیکٹس سے آغاز کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ ملک بھر کے اسکولوں کو ان سہولیات میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی تاکہ نچلی سطح پر فٹبال کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

دوسرا منصوبہ ’’فٹبال فار اسکولز‘‘ ہے، جس کے لیے حکومت سے مشاورت جاری ہے تاکہ قومی سطح پر اس کا نفاذ ممکن ہو سکے، اس پروگرام کے ذریعے بچوں کو ابتدائی عمر سے فٹبال سے جوڑنے کا ہدف رکھا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ فیڈریشن اسپین کی معروف لیگ لا لیگا کے ساتھ بھی تعاون کی راہیں تلاش کر رہی ہے، جو پاکستان میں تربیت، انفراسٹرکچر اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔

صحافیوں کے سوالات کے جواب میں صدر نے کہا کہ سابقہ گول پروجیکٹس کا مکمل ریکارڈ دستیاب نہیں ہے ، ان منصوبوں کی تحقیقات کے لیے صرف فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹیاں ہی مجاز ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سابق اہلکار کے بارے میں فیصلہ آزادانہ طور پر کیا جائے گا اور اس عمل میں کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔پروفیشنل لیگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی فٹبال فیڈریشن کی بنیاد اس کی پروفیشنل لیگ ہوتی ہے، ایک نئے لیگ سسٹم کی تیاری جاری اور جلد اس کا آغاز متوقع ہے، جسے خطے کی بہترین لیگ بنانے کا ارادہ ہے۔

خواتین فٹبال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہیں اور فیڈریشن ان کی ترقی کے لیے ایک علیحدہ شعبہ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، فیفا نے بھی خواتین کے لیے کوچنگ اور دیگر تکنیکی شعبوں میں مکمل تعاون کا وعدہ کیا ہے۔مالی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کو ایک پائیدار اور کاروباری ماڈل کے تحت چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، فیڈریشن اپنی آمدنی خود پیدا کرنے کے لیے کمرشل اقدامات اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر عمل کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ فیڈریشن کے تعلقات خوشگوار ہیں، جلد ہی فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، ان ملاقاتوں سے ریاستی اداروں اور فیڈریشن کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔