خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس، پائیدار امن کیلئے آئندہ ہفتے اے پی سی بلانے کا اعلان

جمعہ 18 جولائی 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کے پی کابینہ کے اجلاس میں پائیدار امن کے لیے آئندہ ہفتے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ کابینہ نے بھارتی جارحیت سے کے پی میں شہید افراد کے لواحقین کیلئے فی کس 50لاکھ روپے کی منظوری دی، مولانا خانزیب شہید کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے مالی امداد کی منظوری بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے کے پی زرعی آمدن ٹیکس رولز 2025، ماحولیاتی آڈٹ رولز 2025اور ماحولیاتی تحفظ رولز 2025کی منظوری بھی دی۔ انہوں نے کہا کابینہ نے 4شہریوں کے علاج کیلئے 4کروڑ 81لاکھ روپیکی مالی امداد کی منظوری دی، جبکہ مختلف محکموں کی گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی میں نرمی کی درخواستیں کابینہ میں پیش کی گئیں۔بیرسٹر سیف نے کہا ایسی گاڑیوں کابندوبست ضروریات کو دیکھتے ہوئے محکمہ ایکسائز کے ذریعے کیا جائے گا، اجلاس میں 3 ایم پی او قانون میں اصلاحات پر غور کیا گیا۔انہوں نے کہا فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس قانون کا نفاذ محکمہ داخلہ کی پیشگی اجازت سے مشروط ہوگا، 3 ایم پی او ایف سی آر جیسے قانون کی طرز پر ہے جس کا اکثر غلط استعمال ہوتا ہے۔