سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملک میں آن لائن فراڈ کے مرکزی ملزم ملک تحسین اعوان کو گرفتار کرلیا،ملزم کیخلاف مقدمہ درج

جمعہ 18 جولائی 2025 22:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آن لائن فراڈ میں مرکزی ملزم کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزم کو غیر ملکی ساتھی ملزمان سمیت عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے مرکزی ملزم سمیت پیش کئے جانیوالے مرد ملزمان کا 5 روز کیلئے جسمانی ریمانڈ اور خاتون کا جوڈیشل ریمانڈ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے پونزی سکیم آن لائن فراڈ میں مرکزی ملزم سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر فیسکو ملک تحسین اعوان کیخلاف نیا اور آٹھواں مقدمہ نمبر 150/25 درج کرکے گرفتار کرلیا۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ اس مقدمہ کی تفتیش سابق ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد سائبر کرائم ارشد رضوی کو سونپ دی گی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ملزم کے خلاف 7 مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں ملزم نے عبوری ضمانت کروا رکھی تھی ۔ حکام نے بتایا کہ 8 جولائی 2025 کو سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے ملک تحسین اعوان کی فیکٹری واقعہ 54 رب سرہالی سے 150سے زائد ملکی و غیر ملکی ملزمان کو گرفتارکر لیا تھا ۔ملزمان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انٹرنیشنل پونزی سکیم آن لائن فراڈ میں ملوث تھے۔

سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملک تحسین اعوان نے ملکی و غیر ملکیوں کی شناخت چھپاتے ہوئے ان کے ساتھ کیے جانے والے ایگریمنٹ میں بھی جعل سازی کی، جعلی ویزے اور اشٹام پیپر تیار کئے، جعلی لیز ایگریمنٹ بنائے، ملزمان کو سہولیات فراہم کیں جس کی بنا پر مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ملک تحسین کے ساتھ عورت سمیت 12 فارنرز کو سینیئر سول جج محمد اشفاق کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے مرد ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ملزمان کو این سی سی آئی اے کے حوالے کر دیا گیا آئندہ پیشی 23 جولائی کو عدالت پیش کیا جائےگا۔آن لائن فراڈ میں ملوث ملزمہ سن سن لی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ملزمہ کو آئندہ پیشی یکم اگست کو ریکارڈ اور رپورٹ سمیت عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔