دلجیت اور ہانیہ عامر کی فلم نے پاکستان میں باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 12:41

دلجیت اور ہانیہ عامر کی فلم نے پاکستان میں باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)پنجابی بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ اور اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم سر دار جی 3 نے پاکستان میں باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم سر دار جی 3 پاکستان میں شاندار کامیابی سمیٹ رہی ہے اور باکس آفس پر تاریخ رقم کر چکی ہے۔ بھارت میں پابندی کا سامنا کرنے کے باوجود، فلم نے بین الاقوامی سطح پر خاص طور پر پاکستان میں بہترین کارکردگی دکھائی۔

پنجابی فلموں کو پاکستان میں اب بھی ریلیز کی اجازت حاصل ہے، کیونکہ زیادہ تر فلم ساز قانونی طور پر برطانیہ یا کینیڈا سے وابستہ ہوتے ہیں اور ان کی فلموں پر پاکستان میں پابندی عائد نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سردار جی 3 نے پاکستان میں ریلیز کے پہلے ہفتے میں 21کروڑ پاکستانی روپے (6.34کروڑ بھارتی روپی)کا بزنس کیا۔

(جاری ہے)

ریلیز کے دوران تعطیلات کے باوجود اس کامیڈی فلم نے دوسرے ہفتے میں مزید 9.50 کروڑ روپے (2.86 کروڑ بھارتی روپی)کمائے، جبکہ تیسرے ہفتے کے ایک دن کے اندر 10کروڑ روپے یعنی (3.02کروڑ بھارتی روپی)کا بزنس کر چکی ہے۔

اس فلم کی اب تک کی پاکستان سے کل کمائی 12.23کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے جو کہ پاکستانی روپے کے مطابق 40.51کروڑ روپے بنتے ہیں اس طرح سر دار جی 3 پاکستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی ہے، جس نے کیری آن جٹہ3 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔