دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ڈی پی او ہنگوزخمی، 5 دہشت گرد ہلاک

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) ہنگو کے علاقے شناوڑی زرگری میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرہنگو محمد خالد زخمی جبکہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ڈی ایس پی امجد حسین کے مطابق ہنگو کے علاقے شناوڑی زرگری میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ڈی پی او ہنگو محمد خالد زخمی ہو گئے۔ ہنگو پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایس ایچ او تھانہ دوآبہ نبی خان بھی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق ڈی پی او محمد خالد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور ریفر کیا گیا۔پولیس اور ایف سی نے ہنگو میں دہشت گردوں کی اطلاع پر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ڈی پی او ہنگو کی حالت خطرے سے باہر اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او ہنگو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہے تھے، آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے۔ ڈی پی او ہنگو کو بھی گولی لگی ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔