اسلام آباد چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہردم کوشاں ہے ،صدرآئی سی سی آئی

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)چوہدری محمد علی رندھاوا کے ویژن کے مطابق تاجر برادری اور رہائشیوں کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دورکرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ یہ یقین دہانی سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول فیصل نعیم نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں بلڈرز ایسوسی ایشن سیکٹر H-13 کے صدر سردار خورشید احمد خان کی قیادت میں وفد کے ساتھ منعقدہ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران کرائی۔

اجلاس میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور آئی سی سی آئی کے متعدد ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے فیصل نعیم نے بلڈرز ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ اپنے ترقیاتی منصوبے جلد از جلد جمع کرائیں تاکہ ان کی بروقت ریگولرائزیشن کی جا سکے، جس سے بلڈرز کے لیے کام میں آسانی ممکن ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سی ڈی اے کے ساتھ مل کر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے میں آئی سی سی آئی کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور چیمبر کے مسلسل تعاون کو سراہا۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے نجی شعبے اور حکومت کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے کے لیے چیمبر کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے تاجر برادری کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔بلڈرز ایسوسی ایشن کے صدر سردار خورشید احمد خان نے بلڈرز کو درپیش موجودہ چیلنجز پر روشنی ڈالی اور سی ڈی اے کی قیادت اور آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے تحفظات کو دور کرنے میں مسلسل تعاون اور فعال کوششیں کی گئیں۔

اپنے خیرمقدمی کلمات میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ چیمبر تاجر برادری کی حقیقی آواز کی نمائندگی کرتا ہے اور ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کو اس پلیٹ فارم کے ذریعےحل کرنے کے لیے پیش کریں۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے اظہار تشکر میں بلڈرز ایسوسی ایشن اور سی ڈی اے دونوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بات چیت اور تعاون کے سہولت کار کے طور پر آئی سی سی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سابق صدر میاں محمد اکرم فرید، ایگزیکٹو ممبران چوہدری آفتاب احمد گجر، محمد اسحاق سیال اور بلڈرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ملک چنگیز، ملک شہباز، بشارت گجر، وہاب بٹ اور یوسف خٹک سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔