وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامی اداروں کو ایئرپورٹس کے قریب واقع حساس مقاما ت 30 جولائی تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:42

وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامی اداروں کو ایئرپورٹس کے قریب واقع حساس مقاما ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کا مشن انتظامی اداروں کو ایئرپورٹس کے قریب واقع حساس مقامات 30 جولائی تک کلیئر کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ترجمان ایوان وزیر اعلیٰ کے مطابق مریم نواز شریف کی ہدایت پر''نو برڈ زون'' کے تحت ایئرپورٹس کے گرد 8 کلومیٹر کا علاقہ محفوظ بنانے کا گرینڈ آپریشن تیز کر دیا گیا ،وائلڈ لائف و ای پی اے فورسز اورضلعی انتظامیہ نے نو برڈ زون میں کارروائیاں شروع کر دیں،پرندوں کی موجودگی روکنے کیلئے لاہور کنٹونمنٹ، والٹن کنٹونمنٹ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے علاقوں میں کچرا ہٹانے کا عمل تیز کر دیا گیا۔

اس سلسلے میں وائلڈ لائف اور ای پی اے فورس نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کے دوران درجنوں شہریوں کو گرفتار کر کے جرمانے اور کبوتروں سمیت پرندوں کے ڈبے بھی قبضے میں لے لئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ پرندوں سے ہوائی حادثات کے خدشے کے پیش نظر حساس زونز میں کچرا پھینکنے پر مکمل پابندی عائد ہے، صفائی مہم کے لیے خصوصی ٹیمیں سرگرم،مستقل نگرانی و رپورٹنگ کا عمل بھی جاری ہے ،کھلی جگہوں پر کوڑا پھینکنے اور ڈھکن کے بغیر کوڑا دان رکھنے والوں کو بھی جرمانے عائد کئے گئے ۔

الفیصل ٹائون میں کبوتروں کے ڈیرے ختم کرنے، پولٹری شاپس کی نگرانی اور گیریژن کلب میں ڈی نیسٹنگ آپریشنز مکمل کر لئے گئے،ذبحہ خانوں، پولٹری فارمز، درباروں اور چھتوں پر دانہ ڈالنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی جبکہ بارکی روڈ، بیدیاں روڈ، ڈی ایچ اے، عسکری، والٹن روڈ، قذافی سٹیڈیم کی سخت نگرانی جاری ہے،بہار شاہ روڈ اور ضرار شہید روڈ سے کبوتروں کے پنجرے ہٹا دیئے گئے اور گھونسلے ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

شالامار باغ، بھٹہ چوک، جیل روڈ، مغلپورہ، آر اے بازار میں گھونسلے ہٹانے کا آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ وزیر اعلٰی مریم نواز کی جانب سے نو برڈ زون میں زیرو ٹالرنس پالیسی لاگو کر دی گئی،گیریژن گالف کلب میں 142 گھونسلے، باغِ رحمت اسکول ایریا سے 21 گھونسلے، بھٹہ چوک سے 18، شالامار باغ سے 42 اور جیل روڈ سے 15 گھونسلے ہٹا دئیے گئے۔وزیر اعلیٰ نے کئی علاقوں میں رضا کارانہ طور پر پرندوں کے پنجرے ہٹانے کے عمل کی تحسین اور تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے ۔