اس بار یوم آزادی کی تقریبات یکم اگست سے 14 اگست تک منائی جائیں گی ، کمشنر سکھر

ہفتہ 19 جولائی 2025 19:45

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ اس مرتبہ یوم آزادی کی تقریبات ’’بنیان المرصوص‘‘ کے تھیم کے تحت اور غیر معمولی انداز میں یکم اگست سے 14 اگست تک منعقد کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 14 اگست کی مناسبت سے سکھر ڈویژن میں جشن آزادی کی تقریبات منانے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، ڈپٹی کمشنر خیرپور فیاض حسین راہوجو، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید محمد علی شاہ، محکمہ تعلیم کے افسران، جنگلات، کھیل، بہبود آبادی، لیبر، سوشل ویلفیئر، ویمن ڈویلپمنٹ اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی نے کہا کہ سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں اس سال یوم آزادی کی تقریبات آزادی کے ہیروز اور بنیان المرصوص کے تھیم کے تحت پاک فوج کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یکم سے 14 اگست تک (14 دن)جاری رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس دوران سندھ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اسکولوں اور کالجوں میں پوسٹر، آرٹ، پینٹنگ مقابلے، تقریری مقابلے، شجر کاری، ریلیاں، ثقافتی تقریبات، قومی پرچم کشائی، پریڈ، جمناسٹک کے مقابلے اور دیگر تقریبات منعقد ہونگی۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ تمام تقریبات کو بہتر انداز میں منعقد کرنے میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، تعلیم، جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کا کردار اہم ہوگا۔

کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع کی تقریبات کے علاوہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں بھی ایک میگا پروونشل انڈیپینڈنس ایونٹ منعقد ہوگا، جس میں مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلباء مقابلے میں حصہ لیں گے۔ کمشنر سکھر نے محکمہ تعلیم کے تمام افسران کو تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں یکم تا 14 اگست ایسے پروگرامز منعقد کرنے کا پابند کیا ہے۔