لاہور میں غیر قانونی خون کا کاروبار، یو پی ایچ بلڈ بینک اینڈ پلازما سنٹرسیل

ڈاکٹروں کے نسخے اور مریضوں کی ضرورت کے بغیر خون جمع، ریکارڈ میں سنگین بے ضابطگیاں

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:16

لاہور میں غیر قانونی خون کا کاروبار، یو پی ایچ بلڈ بینک اینڈ پلازما ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2025ء) پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے فتح گڑھ لاہور میں قائم یو پی ایچ بلڈ بنک اینڈ پلازما سنٹر کو سنگین بے ضابطگیوں کے باعث سیل کر دیا۔ بلڈ بینک کی خلاف ورزیوں کا انکشاف اُس وقت ہوا جب سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر عبد الرحمن نے سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ڈاکٹرز کے نسخے یا مریضوں کی ضرورت کے بغیر ہی خون کے عطیات جمع کیے جا رہے تھے، جبکہ ڈونرز کے ریکارڈ میں متعدد بے ضابطگیاں بھی پائی گئیں۔

مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ ادارہ پی بی ٹی اے کی پیشگی اجازت کے بغیر ہی پلازما بیرونِ ملک بھجوا رہا تھا، جو قانوناً جرم ہے۔یو پی ایچ بلڈ بنک اینڈ پلازما سنٹر کو بظاہر ایک فلاحی ادارے کے طور پر رجسٹرڈ کرایا گیا تھا، مگر حقیقت میں اسے منافع بخش کاروبار کے طور پر چلایا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس غیر قانونی عمل میں لاہور کے دو معروف نجی ہسپتالوں کے ملوث ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے، جو اس سنٹر سے حاصل کردہ خون کو استعمال کر رہے تھے۔پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے تمام شواہد محکمانہ ریکارڈ میں محفوظ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کیس کو آئندہ چند دنوں میں مکمل تحقیقات کے بعد پراسیکیوشن کے لئے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔