پاکستان کشمیریوں کا سب سے بڑا وکیل ہے اور پوری قوم اہل کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے۔خالد مسعود سندھو

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہاہے کہ ان کی پارٹی کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خالد مسعود سندھو نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 19جولائی کشمیری عوام کے اس عظیم فیصلے کی یاد دلاتا ہے جب 1947 میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کر کے اپنے مستقبل کا فیصلہ واضح کر دیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ یہ دن اس عزم کا مظہر ہے کہ کشمیر اور پاکستان ایک ہی جسم و جاں کا رشتہ رکھتے ہیں۔ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ آج بھی کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی میں اسی جذبے اور ولولے سے ڈٹے ہوئے ہیں جس کا آغاز اس دن ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پوری کشمیری قوم اس وقت ہماری طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے اور پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتی ہے، کشمیری جرات و طاقت کے ساتھ بھارت کے سامنے کھڑے ہیں، انکے جذبہ آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے اوراظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی قوم انکے ساتھ کھڑی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظلم و ستم، غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیریوں کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو آزادی نصیب ہوگی اور کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔