امیرجماعت اسلامی سندھ کی جانب سے کے یوجے کی نومنتخب باڈی کے اعزازمیں استقبالیہ

صوبہ سندھ، حکومتی خراب کارکردگی ،ڈاکوراج اورظالم وڈیرہ شاہی کے جبرکے دور سے گذررہا ہے،امیرجماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ اس وقت حکومتی خراب کارکردگی ،ڈاکوراج اورظالم وڈیرہ شاہی کے جبرکے دور سے گذررہا ہے ،دریائے سندھ پر متنازعہ نہروں کے خلاف تحریک میں سندھ کے عوام نے شعورکا مظاہرہ کرکے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیک دینے پرمجبورکیا۔پیکا ایکٹ اظہاررائے کی آزادی پرشب خون مارنے کے مترادف ہے جس کے خلاف بھرپورآوازاٹھانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے قباآڈیٹوریم میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب باڈی کے اعزازمیں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ کے یوجے کے صدرنصراللہ چوہدری،جنرل سیکرٹری ریحان چشتی،جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرحافظ نصراللہ چنا،جنرل سیکرٹری محمد یوسف،معاون خصوصی زاہدحسین راجپر،سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا،ڈپٹی سیکرٹری وزیرعلی جمالی بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

صوبائی امیرنے کے یو جے کے عہدیداران کو سندھ کاروایتی تحفہ اجرک اوردینی کتب کاہدیہ بھی پیش کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی سترہ سالوں سے اقتدار کے باوجود ڈلیورنہیں کرسکی ہے امن وامان سے لیکرصحت وتعلیم تک ہرشعبہ کرپشن وتباہی کا شکار ہے،سیلاب میں عوام کو پہلے ڈبویا گیا پھربحالی کے نام پرکرپشن کے تمام رکارڈ توڑدیئے گئے اب لاکھوں گھرتعمیر ہونے کے دعوئے کئے جارہے ہیں بتایا جائے وہ لاکھوں گھرسندھ کے کس شہرمیں تعمیر کئے گئے ہیں ،سندھ حکومت نے صرف کرپشن وچوربازی میں ترقی کی ہے۔

بدامنی وڈاکوراج نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے ۔ہندوبرادری سخت پریشان وعدم تحفظ کا شکار ہے کئی خاندان ہجرت پرمجبور ہوئے ہیں۔کراچی جیسے شہرمیں میں پانی بجلی کابحران اورسڑکوں کی تباہی وبربادی بھی پیپلزپارٹی کی ناکامی ہے۔ اس لیے جماعت اسلامی نے سندھ میں بدامنی وڈکوراج کے خلاف سندھ اسمبلی اوروزیراعلی ہاس کے گھراکا فیصلہ کیا ہے۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو اس وقت ملک میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔امن وامان ،بدامنی سے لیکرمہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی عوام کی آوازبن کرمیدان میں ہے۔