پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں اتوار کو مدمقابل ہوں گی

ہفتہ 19 جولائی 2025 23:20

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں (کل) اتوار کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سیریز کے باقی دو میچز بھی اسی مقام پر 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ تمام میچز بنگلہ دیشی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوں گے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے کھیلنے کا انداز بدلا ہے اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات ہمیں جارحانہ انداز اپنانے کی اجازت دیتے ہیں تو ہم اسی انداز میں کھیلیں گے بصورت دیگر ہم خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے کراچی میں کیمپ کے دوران میچ جیسی صورتحال میں تیاری کی تاکہ کھلاڑی حقیقی دباؤ میں خود کو بہتر طریقے سے ڈھال سکیں۔

(جاری ہے)

ڈھاکہ پہنچنے کے بعد بھی ٹیم نے بھرپور ٹریننگ کی ہے۔ پاکستانی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث (وکٹ کیپر)، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد نواز، عباس آفریدی، فہیم اشرف، سفیان مقیم، ابرار احمد، احمد دانیال اور سلمان مرزا شامل ہیں۔ احمد دانیال اور سلمان مرزا کو پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ سلمان آغا کی قیادت میں پاکستان کی چوتھی ٹی 20 سیریز ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے زمبابوے کو 1-2 سے اور بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اسے 4-1 سے ناکامی ہوئی۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے لیے یہ بطور وائٹ بال کوچ دوسری سیریز ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 22 ٹی 20 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں پاکستان نے 19 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان کا بنگلہ دیش میں ریکارڈ بھی شاندار ہے، اب تک پانچوں دو طرفہ ٹی 20 میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی قیادت تجربہ کار بیٹر لٹن داس کریں گے۔ حالیہ کارکردگی میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو اس کی سرزمین پر ٹی 20 سیریز 1-2 سے شکست دی ہے جس سے ان کی ٹیم کا اعتماد بلند ہے۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری سیریز رواں سال مئی جون میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔