سعودی شہزادہ الولید بن خالد بن طلال 20 سال کوما میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے

اتوار 20 جولائی 2025 10:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) سعودی عرب کے شاہی خاندان نے 20 سال سے کوما کی حالت میں رہنے والے شہزادہ الولید بن خالد بن طلال کی موت کا اعلان کر دیا ہے ۔بی بی سی کے مطابق ان کے والد شہزادہ خالد بن طلال نے گزشتہ روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔شہزادہ الولید1990 میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

2005 میں 15 سال کی عمر میں جب وہ ایک ملٹری کالج میں زیرِ تعلیم تھے،ایک ٹریفک حادثے کے بعد برین ہیمرج کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے۔

وہ تقریبا 20 سال کوما کی حالت میں انتہائی طبی نگہداشت میں رہے ۔2019 میں ان کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ شہزادہ الولید کا سر اور بایاں بازو حرکت کر رہے ہیں تاہم وہ کبھی مکمل طور پر ہوش میں نہیں آئے۔رواں سال کے آغاز میں ان کے کومے سے باہر آنے کی خبر پھیلی لیکن اس کی تصدیق نہ ہو سکی ۔